پٹنہ، 7؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی) بہار میں مهاگٹھبدھن کے اہم اتحادی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے اور ممبر اسمبلی تیج پرتاپ یادو کی دو سیٹوں کو لے کر ناراضگی کے باوجود پارٹی نے اپنے کوٹے کی شیوہر لوک سبھا سیٹ سے سید فیصل علی امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔
آر جے ڈی کے ریاستی صدر رام چندر پوروے نے یہاں شیوہر لوک سبھا حلقہ سے فیصل علی کو پارٹی کا مجاز امیدوار بنائے جانے کا اعلان کیا۔ آرجے ڈی نے اپنے کوٹے میں 20 نشستوں میں سے 18 میں امیدواروں کے ناموں کو پہلے ہی اعلان کیا تھا۔ شیوہر کی واحد نشست کے لئے غور و خوض چل رہا تھا۔ آر جے ڈی نے اپنے کوٹے کی آرہ لوک سبھا کی نشست ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی (مارکسی-لینن) کو دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تیج پرتاپ یادو نے شیوہر سے انگیش کمار سنگھ اور جہان آباد سے چندر پرکاش کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا تھا۔ ساتھ ہی اپنے چھوٹے بھائی اور اسمبلی میں حزب کے رہنما تیجسوی پرساد یادو پر ایسا کرنے کے لئے دباؤ بنایا تھا لیکن، آر جے ڈی نے تیج پرتاپ کو نظرانداز کرتے ہوئے جہان آباد سے پہلے ہی سریندر یادو کو اور شیوہر سے آج سید فیصل علی کی امیدوار بنانے کا اعلان کردیا۔ اب یہ دیکھنا ضروری ہے کہ پارٹی کے فیصلے کے بعد تیج پرتاپ یادو کیا اقدامات کرتے ہیں؟
کون ہیں سید فیصل علی؟سید فیصل علی پیشہ سے صحافی ہیں اور بنیادی طور پر بہار کے گیا سے تعلق رکھتے ہیں۔ کافی عرصہ تک سہارا گروپ کے ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے اپنا اردو اخبار شروع کیا تھا۔ فیصل علی کے والد ایک نامور وکیل تھے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو سے اچھے تعلقات تھے۔ فیصل علی کے والد کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔